معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے اپنے میسنجر میں ایسی سروس کا تجربہ شروع کر دیا ہے جس میں پیغامات تھوڑی دیر بعد از خود غائب ہو جاتے ہیں۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ ایک نئی ’خفیہ میسج“ سروس کا حصہ ہے جس کا محدود پیمانے پر تجربہ کیا جا رہا ہے۔اس سروس کے ذریعے ذاتی یا نجی پیغامات صارفین کی خواہش کے مطابق ایک معینہ مدت کے بعد غائب ہوجائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ”کسی کے ساتھ خفیہ بات چیت (اختیاری) ہے اور خفیہ پیغامات ایک ہی مشین پر پڑھے جا سکتے ہیں اور ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ یہ ہر کسی کیلئے موزوں تجربہ نہیں ہو
سکتا ہے“۔ کمپنی کے مطابق ایسی بات چیت میں مالی امور اور صحت سے متعلق معاملات کی مثال لی جاتی ہے جسے لوگ خفیہ یا راز رکھنا چاہیں گے لیکن کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ معاشقے بھی اس ضمن میں آ سکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سروس کا تجربہ فی الوقت محدود سطح پر کیا جا رہا ہے اور بتدریج اس میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ گرمیوں کے بعد یہ وسیع تر پیمانے پر لے جایا جائے گا۔
فیس بک کے مطابق اس سروس کے غلط استعمال کے خلاف شکایت کرنے کیلئے اس میں ایک علیحدہ فیچر ہوگا اور اس کے متعارف ہونے کے بعد کسی پیغام کے ڈلیٹ ہونے میں تاخیر ہو سکتی ہے تاکہ پیغامات پر انتباہ جاری کیا جا سکے۔